ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اُتر کنڑا میں نریندرا مودی  کا دوسرا دورہ - سرسی میں ہوگا اجلاس - کیا اس بار بھی اننت کمار ہیگڑے پروگرام میں نہیں ہوں گے شریک ؟

اُتر کنڑا میں نریندرا مودی  کا دوسرا دورہ - سرسی میں ہوگا اجلاس - کیا اس بار بھی اننت کمار ہیگڑے پروگرام میں نہیں ہوں گے شریک ؟

Wed, 24 Apr 2024 19:19:48    S.O. News Service

کاروار، 24 / اپریل (ایس او نیوز) لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی امیدوار کی تشہیری مہم کے طورپر  وزیر اعظم نریندرا مودی ریاست کرناٹکا کا دورہ کر رہے ہیں جس کے تحت 28 اپریل کو وہ سرسی آئیں گے ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نریندرا مودی نے اسمبلی الیکشن کے موقع پر اتر کنڑا کا دورہ کیا تھا ۔
    
موصولہ رپورٹ کے مطابق 28 اپریل کو ریاست کرناٹکا کے دورے کے موقع پر وزیر اعظم مودی سرسی کے علاوہ بیلگاوی اور داونگیرے میں بھی پارٹی امیدوار کے حق میں تشہیری مہم چلائیں گے ۔ صبح 11 بجے وزیر اعظم سرسی تشریف لائیں گے اور ماری کمبا اسٹیڈیم میں اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ 7 مئی کو کرناٹکا کے 17 لوک سبھا حلقوں میں انتخابات منعقد ہونگے ان میں سے 14 سیٹوں پر بی جے پی نے اپنی جیت درج کرنے کا نشانہ رکھا ہے ۔ لنگایت طبقہ کے اثر و رسوخ والے حلقوں کو نظر میں رکھ کر بی جے پی نے وزیر اعظم کے زیادہ سے زیادہ عوامی اجلاس منعقد کرنے کی حکمت عملی اپنائی ہے ۔ 
    
کیا اننت کمار ہیگڑے رہیں گے اجلاس سے غائب؟    : وزیر اعظم نریندرا مودی کی سرسی آمد کے موقع پر موجودہ رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڑے سرسی میں موجود نہ رہتے ہوئے بیرون ملک سفر پر روانہ ہونے کی خبریں گردش کر رہی ہیں ۔ 
    
خیال رہے کہ گزشتہ اسمبلی الیکشن کے موقع پر وزیر اعظم نریندرا مودی انتخابی تشہیری مہم کے لئے جب انکولہ پہنچے تھے تو اس وقت بھی اننت کمار ہیگڑے نے اجلاس میں شریک رہنے سے گریز کیا تھا ۔ اس وقت کہا گیا تھا کہ اننت کمار ہیگڑے سنگاپور کے سفر پر گئے ہیں ۔ اس ضمن میں ضروری دستاویزی ثبوت کے ساتھ اننت کمار ہیگڑے کے دفتر سے غیر حاضری سے متعلق وضاحت جاری کی گئی تھی ۔ 
    
اب جبکہ اننت کمارہیگڈے  کو کنارے لگا کر وشویشورا ہیگڑے کاگیری کو لوک سبھا حلقے سے امیدوار بنایا گیا ہے تو اننت کمار کی پارٹی لیڈروں سے ناراضگی جگ ظاہر ہے ۔ ایسے میں جب کہ وزیر اعظم کے دورے کے موقع پر اننت کمار کے اپنے شہر میں اجلاس منعقد ہونے والا ہے تو ہر کسی کی نظر اننت کمار کی حاضری یا غیر حاضری پر جمی ہوئی ہے ۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اگر اننت کمار ہیگڑے نے اس اجلاس میں شرکت کی تو پھر یہ بات لوک سبھا امیدوار کاگیری کے لئے فائدہ مند اور خوش آئند ہوگی ۔ یہ دیکھنااب دلچسپ ہوگا  کہ اننت کمار ہیگڑے اب کیا کرتے ہیں ۔
    
کیا نریندرا مودی کی آمد سے کاگیری کو فائدہ ہوگا ؟ :     یہ بات مشہور ہے کہ جہاں جہاں  وزیر اعظم مودی پرچار کے لئے جاتے ہیں وہاں اکثر امیدوار کی ہار ہوتی ہے ۔ اُتر کنڑا میں اس کی مثال کے طور پر روپالی نائک کی مثال پیش کی جاتی ہے جس کے حق میں اسمبلی الیکشن میں پرچار کرنے کے لئے مودی نے انکولہ میں اجلاس سے خطاب کیا تھا اور روپالی نائک بری طرح ہار گئی تھیں ۔ اسی پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے اس وقت کانگریسی کارکنان بی جے پی والوں کو چھیڑنے میں لگے ہیں کہ مودی کی آمد کاگیری کے لئے فائدہ سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوگی ۔     


Share: